جمعرات، 2 جولائی، 2026

لوگ کیا کہیں گے؟ — زندگی کا سب سے بڑا خوف


ہم اکثر اپنی خوشیاں، اپنے فیصلے، اپنی نوکری، اور یہاں تک کہ اپنے خواب بھی 

صرف اس ڈر سے قربان کر دیتے ہیں کہ "لوگ کیا کہیں گے؟


گویا انسان پیدا بعد میں ہوتا ہے اور اس کے لیے لوگوں کی نادیدہ عدالت کا ترازو پہلے سے تیار پڑا ہوتا ہے۔ 

لیکن سچ تو یہ ہے کہ یہ خوف ایک ایسے پنجرے کی طرح ہے جس کا دروازہ کھلا ہے، 

مگر ہم نے خود کو اندر قید کر رکھا ہے۔

کبھی آپ نے ٹھنڈے دل سے سوچا ہے کہ یہ "لوگ" اصل میں ہیں کون؟ 

یہ وہی لوگ ہیں جن کے پاس دوسروں کی زندگیوں پر تنقید کرنے کے لیے تو پورا وقت ہے، 

لیکن جب آپ کسی مشکل میں ہوں، تو تسلی کا ایک لفظ کہنے کے لیے کوئی آگے نہیں آتا۔ 

اگر آپ روایتی راستوں سے ہٹ کر کوئی نیا کام یا کاروبار شروع کرتے ہیں، تو یہی لوگ پہلے ہنستے ہیں۔ 

لیکن جیسے ہی آپ دن رات ایک کر کے کامیاب ہوتے ہیں، تو یہی لوگ سب سے پہلے تالیاں بجاتے نظر آتے ہیں۔

یہ بات مجھے مشہور ناول

 "The Alchemist"

 کے اس خوبصورت فلسفے کی یاد دلاتی ہے کہ 

"جب انسان اپنے خوابوں اور اپنی منزل کی تلاش میں سچے دل سے نکلتا ہے، 

تو شروعات میں رکاوٹیں ضرور آتی ہیں، لیکن جو ڈٹا رہتا ہے، کائنات اس کے لیے راستے بنا دیتی ہے۔

اگر اس کہانی کا کردار سانٹیاگو بھی یہی سوچتا رہتا کہ 

بھیڑیں چھوڑ کر اہرامِ مصر کے خزانے کی تلاش میں نکلنے پر لوگ اسے پاگل کہیں گے، 

تو وہ کبھی اپنی منزل نہ پا سکتا۔

زندگی بہت مختصر ہے اور ہماری امیدوں کا سفر بہت طویل۔ 

اگر ہم اپنی قیمتی زندگی کے فیصلے صرف اس ڈر سے روک دیں

 کہ چار لوگ چائے کی پیالی پر بیٹھ کر ہمارے بارے میں کیا رائے قائم کریں گے، 

تو یہ اپنی ذات کے ساتھ سب سے بڑی ناانصافی ہوگی۔ 

لوگ تب بھی بولیں گے جب آپ کچھ نہیں کر رہے ہوں گے، 

اور لوگ تب بھی بولیں گے جب آپ کچھ بڑا کر جائیں گے۔

اس لیے لوگوں کے اس نادیدہ خوف کو اپنے پیروں کی بیڑی مت بننے دیں۔ 

اپنے خوابوں پر یقین رکھیں، 


محنت کریں اور یاد رکھیں کہ آپ کو اپنی زندگی کا جواب دہ اللہ کے سامنے ہونا ہے، 

لوگوں کے سامنے نہیں۔ 

جب آپ اس خوف کو دل سے نکالیں گے، تب آپ کو اندازہ ہوگا کہ اصل آزادی اور سکون کیا ہوتا ہے۔

آپ سے ایک بات پوچھنا تھی:

 کیا آپ نے بھی کبھی لوگوں کے ڈر سے اپنا کوئی خواب یا فیصلہ بدلا ہے؟ 

یا اس خوف کو توڑ کر آگے بڑھے ہیں؟ 

کمنٹس میں اپنی رائے ضرور بتائیے گا۔

دعاؤں کا طالب،


محمد نوید گل



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

کامیابی کا اصل راز: اپنی سوچ کا رخ بدلیں

کامیابی کا اصل راز اپنی سوچ کا رخ بدلیں زندگی میں ہر انسان آگے بڑھنا چاہتا ہے لیکن اکثر ہم اپنی ہی نادانی، بے صبری اور جلد بازی کی وجہ...